1 دسمبر 2013 - 20:30
راجستھان میں ووٹروں کا سیلاب، 75 فیصد پولنگ

ہندوستان کی ریاست راجستھان میں چودہویں اسمبلی انتخابات کے اتوار کو ووٹروں کا سیلاب امڈ پڑا۔

ابنا: ریاستی اسمبلی کی 200 میں سے 199 نشستوں کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے دوران ہونے والی پولنگ کے دوران تقریبا 75 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ الیکشن کے دوران تشدد اور چند علاقوں میں پولنگ بوتھ پر قبضے کی وارداتیں پیش آئیں مگر مجموعی طور پر ریاست بھر میں انتخابی عمل پر امن رہا۔ جند پولنگ مراکز پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں خرابی کے واقعات کے درمیان دو ہزار 87 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہوگیا۔ ان میں ریاست کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور بی جے پی لیڈر وسندھرا راجے سندھیا بھی ہیں جو بی جے پی کی فتح کی صورت میں وزیر اعلی بننے کی خواہشمند ہیں۔راجستھان میں پولنگ فیصد کے تعلق سے کہا جا رہا ہے کہ یہ ریگستانی ریاست میں اب تک کا سب سے بڑا پولنگ فیصد ہے۔ اس سے قبل 2003 میں پولنگ 68.18 اور 2008 میں 66.49 رہا ہے۔ اس سال 74.38 فیصد ووٹ  پڑے۔......./169